World
وزیر داخلہ محسن نقوی کی تہران آمد، ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات
پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان اور وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد اور تہران کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں پاکستان کے وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے تہران کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس اعلیٰ سطح کے دورے کا مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا اور سکیورٹی امور پر تعاون کو بڑھانا ہے۔ ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال بالخصوص خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے جاری کوششوں پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوطرفہ نشست میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، سرحدی سکیورٹی اور تجارتی راہداریوں کو مزید فعال بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔ تہران میں ہونے والی ان اہم ملاقاتوں میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات کو خطے کے مفاد میں مزید پروان چڑھایا جائے گا اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔
دونوںممالک کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب خطے میں اہم جغرافیائی اور سیاسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ مبصرین کے مطابق محسن نقوی کا یہ دورہ تہران پاکستان اور ایران کے مابین اعتماد کے رشتوں کو گہرا کرنے اور باہمی تعاون کے نئے دروازے کھولنے میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ملاقاتوں کے دوران دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ مسلم امہ کے اتحاد اور خطے کی ترقی کے لیے تہران اور اسلام آباد کا قریبی رابطہ ناگزیر ہے۔