LIVE
Loading Breaking News...

نوشکی میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور جلیل احمد بادینی کا قتل

News Image
ڈسٹرکٹ نوشکی میں جلیل احمد بادینی کے قتل اور موٹر سائیکل چوری کے واقعے نے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیلادیا ہے۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرموں کو فوری گرفتار کر کے امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔
ڈسٹرکٹ نوشکی میں چوری، ڈکیتی اور شہریوں کی جان و مال کو لاحق خطرات روز بروز تشویش ناک صورت اختیار کرتے جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں جلیل احمد بادینی کو شہید کرنا اور ان کی موٹر سائیکل چوری کرکے لے جانا ایک انتہائی افسوس ناک، ظالمانہ اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔ اس بہیمانہ واردات کے بعد پورے علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے واقعات نہ صرف ایک خاندان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ پورے معاشرے میں خوف اور بے یقینی کی فضا پیدا کرتے ہیں، جو کہ کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ آئینی اور سماجی لحاظ سے بھی ہر شہری کو یہ بنیادی حق حاصل ہے کہ وہ اپنے گھروں، بازاروں اور سڑکوں پر خود کو اور اپنے اہل خانہ کو محفوظ سمجھے۔ اس نازک صورتحال کے پیش نظر سماجی حلقوں اور متاثرہ فریق نے ڈسٹرکٹ نوشکی کی ض ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ جلیل احمد بادینی کے قتل اور موٹر سائیکل چوری کے اس گھناؤنے واقعے میں ملوث اصل ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔ قانون کے مطابق ملزمان کو سخت ترین سزا دی جائے اور شہید کے جملہ ورثاء کو فوری طور پر انصاف فراہم کیا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے بہیمانہ جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔ نوشکی شہر اور گرد و نواح میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر حکمت عملی اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ ضلعی سطح پر پولیس گشت کے نظام کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے، حساس مقامات پر ناکہ بندی سخت کی جائے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ جلیل احمد بادینی کے ورثاء کو انصاف کی فراہمی صرف ایک خاندان کا تنہا مطالبہ نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کا بنیادی حق ہے۔ اگر آج ایسے سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لاکر کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا گیا، تو خدانخواستہ کل کسی اور معصوم گھر کا چراغ بجھ سکتا ہے۔ عوام کا پرامن مطالبہ ہے کہ ایک ایسا نوشکی تشکیل دیا جائے جہاں ہر شہری کی جان، مال اور عزت و آبرو مکمل طور پر محفوظ ہو۔