World
جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، عمارتیں تباہ اور متعدد زخمی
جاپان کے جنوبی علاقے میں 7.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ زلزلے کے بعد ہزاروں گھروں کی بجلی معطل ہو گئی اور ٹرین سروسز بھی عارضی طور پر روک دی گئیں۔
جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو کے علاقے کوماموٹو میں 7.1 شدت کا ایک طاقتور زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جاپانی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں، سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچا جبکہ مختلف مقامات پر آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ جاپانی وزیر اعظم نے تصدیق کی ہے کہ زلزلے کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوئے ہیں اور حکومت نقصان کا تخمینہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس ہولناک زلزلے کے فوراً بعد حکام نے ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ بھی جاری کی تھی اور ایک میٹر تک کی لہریں اٹھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا، تاہم دو گھنٹے بعد سونامی کا یہ الرٹ ختم کر دیا گیا۔ زلزلے کے باعث خطے میں قائم بڑی صنعتی تنصیبات کو بھی خطرہ لاحق ہوا ہے، جن میں سونی اور دنیا کی سب سے بڑی چپ ساز کمپنی ٹی ایس ایم سی کے پلانٹس بھی شامل ہیں۔ متعلقہ کمپنیاں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں تاکہ نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے۔ کیوشو الیکٹرک پاور کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں تقریباً چالیس ہزار گھر بجلی سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ریلوے کمپنی جے آر کیوشو نے ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرینوں سمیت تمام سروسز معطل کر دی ہیں۔ دوسری جانب جاپانی نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا کہنا ہے کہ زلزلے کے بعد متاثرہ علاقے کے جوہری پاور پلانٹس میں کسی قسم کی گڑبڑ یا حادثے کی کوئی اطلاع نہیں ملی اور تمام پلانٹس محفوظ ہیں۔ واضح رہے کہ جاپان دنیا کے ان ممالک میں سرفہرست ہے جو زلزلوں کے حوالے سے انتہائی حساس خطے 'رنگ آف فائر' پر واقع ہیں، جہاں دنیا کے بیس فیصد سے زائد طاقتور زلزلے آتے ہیں۔ یاد رہے کہ دس سال قبل بھی کوماموٹو میں ایک شدید زلزلے نے تباہی مچائی تھی جس میں سینکڑوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔