LIVE
Loading Breaking News...

کومل جان دریائے سواں میں ٹک ٹاک بناتے ہوئے جاں بحق

News Image
معروف خاتون بائیکر کومل جان دریائے سواں میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے لاش کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔
راولپنڈی اور اسلام آباد کے سنگم پر واقع دریائے سواں میں ایک دلخراش حادثہ پیش آیا ہے جہاں معروف خاتون موٹر سائیکل سوار اور ٹک ٹاکر کومل جان پانی کے تیز ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ دریا کے کنارے اپنی سوشل میڈیا ویڈیوز کے لیے ٹک ٹاک کلپ ریکارڈ کرنے میں مصروف تھیں۔ اس دوران پاؤں پھسلنے یا گہرے پانی کا اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے وہ ندی کے تیز بہاؤ کی زد میں آ گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، غوطہ خور اور مقامی پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکنوں کی جانب سے دریا میں کومل جان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم پانی کے انتہائی تیز بہاؤ اور گہرائی کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو کوشیشوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ جلد از جلد لاش کو تلاش کیا جا سکے۔ اس المناک واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے ایک بار پھر شہریوں بالخصوص نوجوان طبقے سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ تفریحی مقامات، دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب خطرناک سیلفیاں اور ویڈیوز بنانے سے گریز کریں کیونکہ معمولی سی لاپرواہی اور سنسنی خیز ویڈیوز کا جنون قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتا ہے۔