Technology
این سی سی آئی اے کا اسلام آباد میں سائبر کر,انس نیٹ ورک پر چھاپہ، 114 غیر ملکی گرفتار
وفاقی دارالحکومت میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے سائبر رومانس اور سیکسٹورشن نیٹ ورک میں ملوث 114 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں 111 چینی اور 3 ویتنامی شہری شامل ہیں جو آئی بی بزنس کے نام پر یہ نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اسلام آباد میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے سائبر رومانس اور سیکسٹورشن نیٹ ورک چلانے والے 114 غیر ملکی شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں 111 چینی اور 3 ویتنامی شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک اسلام آباد میں ایک رجسٹرڈ آئی ٹی بزنس کی آڑ میں کام کر رہا تھا اور مختلف ممالک کے شہریوں کو آن لائن ذرائع سے نشانہ بنا رہا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ منظم گروہ غیر ملکی شہریوں کو آن لائن جنسی گفتگو، ویڈیو چیٹس اور فحش ویڈیو کالز کے ذریعے پھنساتا تھا اور بعد میں اس مواد کو مجرمانہ مقاصد اور مالیاتی فراڈ کے لیے استعمال کرتا تھا۔ این سی سی آئی اے کے میڈیا ونگ کے مطابق ملزمان بین الاقوامی سطح پر سائبر رومانس سے جڑے مالیاتی فراڈ اور دیگر منظم جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔
اس کارروائی کے بعد این سی سی آئی اے نے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) 2016 کی دفعات 14 اور 21 کے ساتھ پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعات 419، 420، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پیکا کی دفعہ 14 الیکٹرانک فراڈ جبکہ دفعہ 21 کسی شخص کی عفت کے خلاف جرائم، سیکس بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ پی پی سی کی دفعات دھوکہ دہی، جعل سازی اور مالیاتی فراڈ سے نمٹنے کے لیے لگائی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منظم نیٹ ورک کے تمام سہولت کاروں، مالی معاونت کرنے والوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ایجنسی اس نیٹ ورک کے ڈیجیٹل اور مالیاتی انفراسٹرکچر کی مزید جانچ پڑتال کر رہی ہے تاکہ اس گھنائونے دھندے سے منسلک تمام متاثرین اور دیگر ملوث افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔