LIVE
Loading Breaking News...

میجر جنرل جواد احمد قاضی مغربی صحارا میں اقوام متحدہ مشن کے فورس کمانڈر مقرر

News Image
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی فوج کے میجر جنرل جواد احمد قاضی کو مغربی صحارا میں امن مشن کا نیا فورس کمانڈر تعینات کر دیا ہے۔ اس تقرری سے عالمی سطح پر پاکستان کی امن عامہ کی کوششوں میں خدمات کا ایک بار پھر اعتراف کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی فوج کے سینئر افسر میجر جنرل جواد احمد قاضی کو مغربی صحارا میں اقوام متحدہ کے مشن فار دی ریفرنڈم (مینورسو) کا نیا فورس کمانڈر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ تقرری میجر جنرل جواد احمد قاضی کی شاندار عسکری خدمات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ میجر جنرل جواد احمد قاضی کو پاک فوج اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دینے کا 35 سال سے زائد کا طویل اور وسیع تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر کے دوران اندرون و بیرون ملک متعدد اہم کمانڈ، سٹاف اور تربیتی عہدوں پر فرائض سرانجام دیے ہیں، جن میں انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، شمالی علاقوں میں فورس کمانڈر اور وزارت دفاع میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے شامل ہیں۔ اپنے کیریئر کے ابتدائی حصوں میں انہوں نے کروشیا میں اقوام متحدہ کے عبوری انتظامی مشن کے ساتھ بھی خدمات انجام دی تھیں۔ مغربی صحارا کا خطہ افریقہ میں نوآبادیاتی دور کے بعد سے ایک متنازع علاقہ مانا جاتا ہے جس کا سیاسی مستقبل ت حال طے نہیں ہو سکا۔ مراکش اور الجزائر کی حمایت یافتہ پولساریو فرنٹ کے درمیان اس خطے کی حیثیت کے حوالے سے دیرینہ تنازع چلا آ رہا ہے، جہاں پولساریو فرنٹ مقامی صحراوی عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کے زیر نگرانی ریفرنڈم کا مطالبہ کرتی ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن نے اس تقرری پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان عالمی امن، استحکام اور بین الاقوامی کوششوں کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہے گا۔ پاکستان دنیا بھر میں اپنے تربیت یافتہ اور تجربہ کار امن دستوں اور قائدین کی تعیناتی کے ذریعے عالمی امن کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔