LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان اور ناروے کا انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی ہجرت پر تعاون کا فیصلہ

News Image
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈی نے وزارتِ داخلہ میں وفاقی وزیر محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی ہجرت کے تدارک کے لیے مشترکہ کوششیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اسلام آباد: پاکستان اور ناروے نے انسداد دہشت گردی، غیر قانونی ہجرت کے خاتمے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ پیش رفت ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان وزارتِ داخلہ میں ہونے والی ایک اہم ملاقات کے دوران سامنے آئی، جہاں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نارویجن وفد کو پاکستان کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کے تدارک کے لیے اٹھائے گئے مؤثر اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پاکستان کی سخت پالیسیوں اور مؤثر حکمت عملی کی بدولت غیر قانونی ہجرت کی شرح میں 47 فیصد تک نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جسے ناروے کے وزیر خارجہ نے سراہا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خطے کی سکیورٹی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈی نے خطے میں امن و امان کے قیام اور بالخصوص امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو سلجھانے میں پاکستان کے مثبت اور کلیدی کردار کی بھرپور تعریف کی۔ ملاقات کے آخر میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بین الاقوامی سطح پر امن اور استحکام کے لیے سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور دوطرفہ تعاون کے نئے راہیں تلاش کی جائیں گی۔