LIVE
Loading Breaking News...

لاہور پولیس کے قاتل مریدکے میں پولیس مقابلے میں ہلاک

News Image
لاہور کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کرکے تین پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دو ملزمان کو مریدکے میں پولیس اور سی ٹی ڈی کے مشترکہ آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا۔ یہ ملزمان ایک گھر میں خاندان کو یرغمال بنائے ہوئے تھے جن کی فائرنگ سے دونوں باپ بیٹا جوابی کارروائی میں مارے گئے۔
لاہور میں جمعرات کے روز فائرنگ کرکے تین پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے دو اہم ملزمان کو جمعہ کی صبح مریدکے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ ہلاکتیں لاہور پولیس، کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، شیخوپورہ پولیس اور ایلیٹ فورس کے مشترکہ آپریشن کے دوران پیش آئیں، جہاں ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے ایک گھر میں ایک خاندان کو یرغمال بنا رکھا تھا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جن کی شناخت فیاض بٹ اور ریحان بٹ کے طور پر ہوئی ہے، جو باپ اور بیٹے ہیں۔ یاد رہے کہ جمعرات کی شب لاہور کے علاقوں بادامی باغ اور یتیم خانہ چوک ملتان روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سب انسپکٹر عدیل عاشق اور کانسٹیبل اسد سمیت تین پولیس اہلکار شہید جبکہ تین دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ ابتدائی پولیس تحقیقات کے مطابق پہلا حملہ بادامی باغ میں کیا گیا جبکہ اس کے ایک گھنٹے بعد ملتان روڈ پر بھی پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہ حملے مبینہ طور پر ذاتی رنجش کا نتیجہ تھے کیونکہ ہلاک ہونے والے سب انسپکٹر عدیل عاشق نے 2024ء میں ایک ایف آئی آر درج کروائی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ریحان بٹ کی طرف سے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ خیال رہے کہ چند سال قبل ریحان کا بھائی فیضان بٹ ایک پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا اور ملزمان اسی کا بدلہ لینا چاہتے تھے۔ مریدکے میں ہونے والے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ ملزمان کا تعاقب کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تھرمل ڈرونز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد لی، جس کے بعد وہ دریائے راوی کے قریب جنگلات سے نکل کر ایک قریبی آبادی میں جاپہنچے اور ایک گھر میں گھس کر معصوم خاندان کو یرغمال بنا لیا۔ پولیس کے موقع پر پہنچنے پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس کے نتیجے میں جوابی کارروائی کے دوران دونوں باپ بیٹے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ایک تیسرا ملزم طارق موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کے لیے آزاد کشمیر اور پنجاب کی پولیس مشترکہ کارروائیاں کر رہی ہے۔