Technology
آنر کا نیا 12000 ایم اے ایچ بیٹری والا اسمارٹ فون لیک
ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی کے اشارے مل رہے ہیں جہاں معروف برانڈ آنر نے بارہ ہزار ایم اے ایچ بیٹری پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس نئی پیش رفت کے بعد ایپل اور سیمسنگ جیسے بڑے اسمارٹ فون مینوفیکچررز کی بیٹری لائف پیچھے رہ جانے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اسمارٹ فون انڈسٹری میں بیٹری لائف کے حوالے سے ایک انقلابی تبدیلی متوقع ہے کیونکہ حال ہی میں سامنے والی لیکس نے ٹیکنالوجی کے ایوانوں میں ہلچل مچا دی ہے۔ معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق آنر کمپنی ایک ایسے اسمارٹ فون پر کام کر رہی ہے جس میں حیرت انگیز طور پر بارہ ہزار ایم اے ایچ (12,000 mAh) کی انتہائی طاقتور بیٹری دی جائے گی۔ یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صارفین عام طور پر آئی فون اور سیمسنگ گلیکسی جیسے فلیگ شپ فونز کی بیٹری لائف سے شکوہ کناں رہتے ہیں اور انہیں بار بار چارج کرنے کی ضرورت پڑتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آنر کی یہ بڑی بیٹری اب ٹرائل پروڈکشن کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، جس کا مطلب ہے کہ کمپنی اسے جلد ہی عملی شکل دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ پاور بینک کی مارکیٹ کو اب شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں کیونکہ جب صارفین کو موبائل کے اندر ہی کئی دنوں کا بیٹری بیک اپ مل جائے گا تو انہیں اضافی پاور بینک ساتھ رکھنے کی ضرورت ہی نہیں رہے گی۔
اس کے علاوہ آنر کے دیگر آنے والے ماڈلز اور ان کی خصوصیات بھی بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں جن میں کیمرہ فونز اور جدید پروسیسر سے لیس ڈیوائسز شامل ہیں۔ ٹیکنالوجی کے تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر آنر اس پراجیکٹ میں کامیاب ہو جاتا ہے تو دیگر بڑی کمپنیاں بشمول ایپل اور سام سنگ پر بھی دباؤ بڑھے گا کہ وہ اپنی آنے والی نسل کے فونز میں بیٹری کی گنجائش کو نمایاں طور پر بڑھائیں۔