LIVE
Loading Breaking News...

ٹرمپ کا امریکی بحریہ کو ایئرکرافٹ کیریئرز پر پرانا کیٹپلٹ سسٹم بحال کرنے کا حکم

News Image
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحریہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جدید الیکٹرومیگنیٹک سسٹم کے بجائے طیارہ بردار جہازوں پر روایتی سٹیم کیٹپلٹ سسٹم کا استعمال دوبارہ شروع کرے۔ ٹرمپ کا موقف ہے کہ جدید ٹیکنالوجی پیچیدہ، انتہائی مہنگی اور جنگی حالات میں ناقابل اعتبار ثابت ہو رہی ہے۔
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بحریہ کو ایک غیر معمولی حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے جدید ترین طیارہ بردار بحری جہازوں (ایئرکرافٹ کیریئرز) سے جنگی جیٹ طیارے فضا میں بلند کرنے کے لیے جدید الیکٹرومیگنیٹک کیٹپلٹ سسٹم (ایمالز) کی جگہ پرانے اور روایتی سٹیم (بھاپ) کیٹپلٹ سسٹم پر واپس لوٹے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نیا الیکٹرومیگنیٹک سسٹم ضرورت سے زیادہ پیچیدہ اور مہنگا ہے جبکہ پرانا سٹیم سسٹم دہائیوں سے زیادہ قابل اعتماد اور موثر ثابت ہوا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی اپنے پہلے دورِ صدارت میں اس جدید ٹیکنالوجی پر شدید تنقید کرتے رہے ہیں۔ امریکی بحریہ کے جدید یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ کلاس طیارہ بردار جہازوں میں الیکٹرومیگنیٹک ایئرکرافٹ لانچ سسٹم (ایمالز) نصب کیا گیا تھا، تاکہ جیٹ طیاروں کو زیادہ تیزی اور ہمواری کے ساتھ اڑایا جا سکے۔ تاہم، اس نئے سسٹم کو ابتدائی مراحل سے ہی تکنیکی خرابیوں اور تاخیر کا سامنا رہا ہے، جس کی وجہ سے جہازوں کی فعالیات پر اثر پڑا۔ صدر ٹرمپ نے اعلیٰ فوجی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کی خرابی کی صورت میں پورا کیٹپلٹ سسٹم کام کرنا چھوڑ دیتا ہے، جس سے جنگ کے دوران تباہ کن نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیم کیٹپلٹ سسٹم کی مرمت آسان ہے اور اس کے لیے کسی انتہائی پیچیدہ الیکٹرانک نالج کی ضرورت نہیں ہوتی۔ امریکی دفاعی ماہرین کے مطابق ٹرمپ کے اس حکم کے بعد امریکی بحریہ کو اپنے مستقبل کے طیارہ بردار جہازوں کے ڈیزائن اور تعمیری منصوبوں میں بڑی تبدیلی لانا پڑ سکتی ہے۔ تاہم، بحریہ کے بعض حکام کا ماننا ہے کہ الیکٹرومیگنیٹک سسٹم پر اربوں ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں اور اب پرانے سٹیم سسٹم پر مکمل واپسی مالی اور تکنیکی لحاظ سے ایک بڑا چیلنج ہو سکتی ہے۔ اس فیصلے سے پینٹاگون اور امریکی بحریہ کے جاری جدید کاری پروگرامز پر گہرے اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔