World
فلپائن اسکول فائرنگ: طالب علم نے ساتھی کو قتل کرنے کے بعد خود کو گولی مار لی
فلپائن کے ایک ہائی اسکول میں نویں جماعت کے طالب علم نے اندھا دھند فائرنگ کر کے اپنے ایک ساتھی طالب علم کو ہلاک کر دیا اور بعد میں خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
فلپائن کے شہر زامبوانگا کے ایک ہائی اسکول میں فائرنگ کا انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نویں جماعت کے ایک طالب علم نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک اور طالب علم جاں بحق ہو گیا۔ اس لرزہ خیز واقعے کے بعد پورے تعلیمی ادارے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور طلب اساتذہ اور عملے نے جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لی۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق حملہ آور طالب علم نے اسکول کے احاطے میں فائرنگ کا آغاز کیا، جس کی زد میں آ کر اس کا ساتھی طالب علم شدید زخمی ہوا اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس حملے کے فوراً بعد حملہ آور طالبعلم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔ واقعے کی اطلاعات ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاریفورس نے اسکول کا گھیراؤ کر لیا اور تمام صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا۔ اس دلخراش واقعے کی مختلف ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں جنہیں دیکھ کر والدین اور عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ مقامی انتظامیہ اور تعلیمی حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ طالب علم اسکول کے اندر اسلحہ لانے میں کیسے کامیاب ہوا اور اس انتہائی قدم کے پیچھے محرکات کیا تھے۔ اسکول میں اس قسم کے پرتشدد واقعات کے بعد اب والدین اپنے بچوں کے تحفظ کے حوالے سے سخت سوالات اٹھا رہے ہیں اور تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کرنے کا پرزور مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے اندوہناک سانحات کو روکا جا سکے۔