LIVE
Loading Breaking News...

اسحاق ڈار اور روسی سفیر کی ملاقات، پاک روس تعلقات پر تبادلہ خیال

News Image
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد اور ماسکو کے تعلقات میں مثبت پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ ملاقات کے دوران زرعی مشینری، کھادوں اور مویشیوں کی ویکسین کے شعبوں میں تجارت بڑھانے پر بھی غور کیا گیا۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے روسی سفیر نے اہم ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی ترقی اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات میں روز بروز مثبت پیشرفت ہو رہی ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد اور ماسکو کے تعلقات میں آنے والے اس 'مثبت مومنٹم' کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان تمام مسائل کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر جاری رابطوں کو مزید مستحکم کرنے اور اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ دو طرفہ شراکت داری کو مزید گہرا کیا جا سکے۔ ملاقات میں تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی اہم امور زیر بحث آئے۔ پاکستان اور روس نے زرعی مشینری، کھادوں اور مویشیوں کے لیے ویکسین سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ دونوں فریقین کا ماننا ہے کہ معاشی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے جسے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کے یومِ آزادی پر دی گئی مبارکباد کا ذکر بھی کیا گیا جو دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔