LIVE
Loading Breaking News...

خرم شہزاد اور محمد عباس کو آئی سی سی کی طرف سے جرمانہ

News Image
بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران جارحانہ انداز میں جشن منانے پر پاکستانی فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس پر سزائیں عائد کر دی ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے میچ ریفری کی جانب سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کر لیا ہے جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت نہیں پڑی۔
بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے پاکستان کے فاسٹ بولرز خرم شہزاد اور محمد عباس کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تاروبا میں کھیلے جانے والے پہلے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی سطح 1 کی خلاف ورزی کرنے پر جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ خرم شہزاد کو ان کے میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ جبکہ محمد عباس کو ایک سرکاری سرزنش کی سزا دی گئی ہے۔ ان دونوں کھلاڑیوں پر آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرکیٹل 2.5 کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا تھا جو کہ بین الاقوامی میچ کے دوران کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے پر ایسی زبان، اقدامات یا اشاروں کے استعمال سے متعلق ہے جو تضحیک آمیز ہوں یا جن سے بلے باز کی طرف سے جارحانہ ردعمل کا خدشہ ہو۔ اس کے علاوہ دونوں کھلاڑیوں کے تادیبی ریکارڈ میں ایک ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ بھی کر دیا گیا ہے کیونکہ گزشتہ 24 ماہ کے دوران ان کا یہ پہلا آفینس تھا۔ آئی سی سی کے مطابق خرم شہزاد کو ویسٹ انڈیز کی دوسری اننگز کے 17 ویں اوور کے دوران آؤٹ ہونے والے بلے باز شائی ہوب کے قریب جارحانہ انداز میں جشن منانے پر جرمانہ کیا گیا، جو کہ ایک ایسا عمل تھا جس سے جارحانہ ردعمل کا خطرہ پیدا ہو سکتا تھا۔ دوسری طرف محمد عباس کو اننگز کی آخری وکٹ یعنی جومیل واریکن کے آؤٹ ہونے پر ضرورت سے زیادہ جوش و خروش اور متحرک انداز میں جشن منانے پر سزا دی گئی ہے۔ پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے ایمریٹس آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے جِف کرو کی طرف سے تجویز کردہ سزاؤں کو قبول کر لیا ہے، اس لیے کسی قسم کی باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ ان کھلاڑیوں کے خلاف الزامات آن فیلڈ امپائرز ایلکس ہارف، رچرڈ کیٹلبرو اور تھورڈ امپائر جیا رامن مدناگوپال کی جانب سے عائد کیے گئے تھے۔ آئی سی سی کے اس ضابطے کے تحت سطح 1 کی خلاف ورزیوں پر کم از کم سزا ایک سرکاری سرزنش، جبکہ زیادہ سے زیادہ سزا کھلاڑی کی میچ فیس کا 50 فیصد اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے ان سزاؤں کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تاروبا ٹیسٹ میں میچ کے چوتھے دن 90 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جو کہ دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ تھا۔