Technology
برطانیہ میں سیٹلائٹ کمیونیکیشن اور ڈیجیٹل رابطوں کیلیے 13 ملین پاؤنڈز کی سرمایہ کاری
برطانوی حکومت نے دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلیے تیرہ ملین پاؤنڈز کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔ اس فنڈنگ سے ریل مسافروں اور کسانوں کو جدید ترین مواصلاتی سہولیات میسر آئیں گی۔
برطانیہ میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم کرنے اور دور دراز علاقوں تک جدید مواصلاتی سہولیات پہنچانے کی غرض سے تیرہ ملین پاؤنڈز کی ایک بڑی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس فنڈنگ کا مقصد ملک بھر میں اگلی نسل کی سیٹلائٹ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا فروغ ہے، جس کے تحت سولہ نئے منصوبوں پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا۔ ان منصوبوں میں خاص طور پر سکاٹ لینڈ کے دور افتادہ اور دشوار گزار ریل روٹس پر مسافروں کو بہتر اور قابل اعتماد براڈ بینڈ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ سفر کے دوران انٹرنیٹ کا مسئلہ حل ہو سکے۔
اس خطیر فنڈنگ کا ایک اور اہم ہدف برطانوی کسانوں اور زرعی شعبے کو جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی تک رسائی دینا ہے۔ اس اقدام سے کسان اپنی زرعی پیداوار کو بڑھانے اور فارمنگ کے جدید طریقوں کو اپنانے کیلیے سیٹلائٹ پر مبنی مواصلاتی نیٹ ورکس کا مؤثر استعمال کر سکیں گے۔ دور دراز علاقوں میں روایتی انٹرنیٹ کی کمزور یا ناممکن رسائی کے پیش نظر یہ سیٹلائٹ منصوبے انقلاب آفریں ثابت ہوں گے، جس سے معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سرمایہ کاری سے نہ صرف مواصلاتی نظام میں بہتری آئے گی بلکہ ملک کے پس ماندہ اور الگ تھلگ علاقوں کے باسیوں کو بھی جدید ڈیجیٹل دنیا کے ساتھ جوڑنے میں مدد ملے گی۔ پراجیکٹس کی کامیابی کیلیے جدید ترین سائنسی ریسرچ اور صنعتی شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کے ثمرات جلد از جلد عام آدمی اور کاروباری طبقے تک پہنچ سکیں۔