Technology
ترکیہ کا پہلا مقامی اسمارٹ فون 2027 میں لانچ ہوگا
ترکیہ نے دفاعی ادارے آسل سان، ترک ٹیلی کام اور ٹی ٹی ٹی انوویشن کے اشتراک سے اپنے پہلے ملکی اسمارٹ فونز تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مقامی طور پر تیار کردہ پہلے تین ماڈلز 2027 کے اوائل میں باضابطہ طور پر مارکیٹ میں پیش کیے جائیں گے۔
استنبول سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق ترکیہ نے ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے اپنے پہلے ملکی اسمارٹ فون کی تیاری پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس اہم ترین پروجیکٹ کے تحت ترکیہ کا معروف دفاعی ادارہ آسل سان، ترک ٹیلی کام اور ٹی ٹی ٹی انوویشن باہم مل کر ملک کا پہلا دیسی موبائل فون تیار کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اشتراک کا مقصد ملکی ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور بیرونی انحصار کو کم کرنا ہے۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے کے تحت اسمارٹ فونز کے پہلے تین مختلف ماڈلز تیار کیے جا رہے ہیں جنہیں سن 2027 کے اوائل میں باضابطہ طور پر مارکیٹ میں لانچ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ فونز نہ صرف جدید ترین فیوچرز سے لیس ہوں گے بلکہ ان کی تیاری میں ملکی انجینئرز کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ یہ عالمی معیار کے حامل ہوں۔
دفاعی ٹیکنالوجی میں مہارت رکھنے والے ادارے آسل سان کی شمولیت سے اس بات کی توقع کی جا رہی ہے کہ ان اسمارٹ فونز کی سیکیورٹی اور ہارڈ ویئر کا معیار انتہائی بلند ہوگا۔ اس کے علاوہ ترک ٹیلی کام اور ٹی ٹی ٹی انوویشن کی شمولیت سے اسمارٹ فونز کی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ اور کمیونیکیشن نیٹ ورک کے ساتھ بہتر انٹیگریشن کو بھی یقینی بنایا جائے گا، جو ملکی صارفین کے لیے ایک بہترین تجربہ ثابت ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق، ترکیہ کا یہ قدم ملکی معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے لیے ایک گیم چنجر ثابت ہوگا۔ مقامی سطح پر اسمارٹ فونز کی تیاری سے نہ صرف ملکی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ آنے والے مہینوں میں اس پروجیکٹ کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے جس پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔