LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان کا بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی پابندی میں توسیع کا فیصلہ

News Image
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹام) کے مطابق بھارتی رجسٹرڈ اور آپریٹ ہونے والے طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں 24 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی کراچی اور لاہور دونوں فلائٹ انفارمیشن ریجنز پر لاگو ہوگی۔
اسلام آباد: پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹام) کے مطابق پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود کی پابندی میں 24 ستمبر تک توسیع کر دی ہے۔ یہ توسیع اس وقت عمل میں لائی گئی ہے جب اس حوالے سے سابقہ پابندی کی مدت 23 اگست کو ختم ہونا تھی۔ بدھ کے روز صبح کے وقت جاری ہونے والے اس نوٹام میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز کے زیرِ استعمال یا لیز پر حاصل کردہ طیاروں کے علاوہ فوجی پروازوں کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگی۔ نوٹام کے مطابق اس توسیع کا نفاذ 23 اگست کو صبح 10:15 بجے سے ہو چکا ہے اور یہ پابندی 24 ستمبر کو صبح 4:59 بجے تک نافذ العمل رہے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے دستاویزات کے مطابق ملک کی فضائی حدود کو دو فلائٹ انفارمیشن ریجنز (ایف آئی آر) یعنی کراچی اور لاہور میں تقسیم کیا گیا ہے، اور یہ تازہ ترین نوٹام ان دونوں حصوں یعنی کراچی (او پی کے آر) اور لاہور (او پی ایل آر) پر یکساں طور پر لاگو ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے اواخر میں دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں اس وقت شدید اضافہ ہوا جب مقبوظہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک حملے کے بعد دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی ایئرلائنز کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں۔ 24 اپریل کو پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت نے نئی دہلی کے جارحانہ اقدامات کے جواب میں فوری طور پر تمام بھارتی تحویل یا آپریشن والی ایئرلائنز کے لیے فضائی حدود بند کرنے سمیت متعدد جوابی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ اس واقعے کے بعد سے اسلام آباد کی جانب سے اس پابندی میں سکیورٹی خدشات اور سیاسی حالات کے پیش نظر کئی بار توسیع کی جا چکی ہے۔ اس سے قبل نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے اسلام آباد پر حملے میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے ایک غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی۔ دونوں ایٹمی قوتوں کے مابین مئی کے مہینے میں فضائیہ کا ایک شدید معرکہ بھی ہوا تھا جس کے دوران پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے بھارتی فضائیہ کے سات لڑاکا طیارے مار گرائے تھے۔