World
شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کی برطانیہ واپسی کا امکان، ذرائع کا دعویٰ
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل برطانیہ منتقل ہونے یا وہاں باقاعدگی سے قیام کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ شہزادہ ہیری اپنے وطن سے تعلقات کو بحال کرنے اور وہاں مزید وقت گزارنے کے خواشمند ہیں۔
برطانیہ کے شاہی خاندان سے الگ ہونے والے ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل کی ایک بار پھر برطانیہ واپسی کی خبروں نے عالمی میڈیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ بی بی سی، دی ٹیلی گراف اور دی ٹائمز سمیت مختلف برطانوی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، شاہی جوڑا برطانیہ میں اپنے مستقبل کی رہائش اور دوروں کے لیے نئے منصوبے تیار کر رہا ہے۔ دی ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ ہیری ہر چند ماہ بعد برطانیہ کا دورہ کرنے اور وہاں وقت گزارنے کے لیے انتہائی پرعزم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ منتقل ہونے کے بعد سے ہیری کو اپنے پرانے دوستوں اور برطانوی ماحول کی کمی محسوس ہو رہی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنے وطن سے روابط مضبوط کرنے کے اقدامات شروع کیے ہیں۔ کچھ رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے خاندانی تعلقات میں حائل کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ نیوز 24 کے مطابق شہزادہ ہیری امریکہ کی چمک دمک اور میڈیا کے بے جا دباؤ سے نکل کر کچھ آزادی حاصل کرنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ برطانیہ میں زیادہ وقت گزارنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد سے سسیکس کے اس جوڑے نے کیلیفورنیا میں سکونت اختیار کر رکھی تھی، تاہم اب یہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ وہ جزوی یا مکمل طور پر برطانیہ منتقل ہونے کی حکمت عملی اپنا رہے ہیں۔ ان اطلاعات کے سامنے آنے کے بعد شاہی محل اور برطانوی عوام میں ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر شہزادہ ہیری اور میگن مارکل برطانیہ واپس آتے ہیں تو اس سے شاہی خاندان کے اندرونی تعلقات اور ان کی عوامی مقبولیت پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ فی الحال اس حوالے سے شاہی محل کی جانب سے کوئی رسمی اعلان نہیں کیا گیا، تاہم میڈیا رپورٹس نے ان افواہوں کو شدت بخش دی ہے۔