LIVE
Loading Breaking News...

اسحاق ڈار کی شامی وزیر خارجہ سے ملاقات، خودمختاری کی حمایت کا اعادہ

News Image
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں شامی ہم منصب اسحاق حسن الشیبانی کے ساتھ وفد کی سطح پر مذاکرات کیے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں شامی وزیر خارجہ اسحاق حسن الشیبانی کے ساتھ وفد کی سطح پر اہم مذاکرات کیے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر نائب وزیراعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ شامی وزیر خارجہ اسحاق حسن الشیبانی اپنی دعوت پر ایک سرکاری دورے پر جمعرات کی صبح اسلام آباد پہنچے تھے جہاں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کی خاص بات یہ ہے کہ 2007 کے بعد کسی شامی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے جو دمشق میں حکومت کی تبدیلی کے بعد عمل میں آیا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب چند روز قبل اسرائیل نے شام کے ایک فوجی ایئر بیس پر بزدلانہ اور غیر اشتعال انگیز فضائی حملے کیے تھے۔ پاکستان نے ان حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا تھا اور شامی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ محدود اور وفد کی سطح پر ہونے والی ان ملاقاتوں کے دوران دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مختلف شعبوں کا احاطہ کیا۔ اس دوران فلسطین، گولان کی پہاڑیوں، افغانستان، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تفصیلی غور کیا گیا۔ شامی وزیر خارجہ نے مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کا خیرمقدم کیا اور خطے میں امن و استحکام بالخصوص ایران کے تنازع کے دوران پاکستان کے مثبت اور مصالحانہ کردار کی بھرپور تعریف کی۔ فریقین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ مسلسل جاری رکھیں گے۔ اس دورے کو اسلام آباد اور دمشق کے درمیان سفارتی اور تجارتی تعلقات میں ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔