LIVE
Loading Breaking News...

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات دسمبر 2026 اور جنوری 2027 میں ہوں گے

News Image
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان کرانے کی تجویز پر اصولاً اتفاق کر لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 140-اے کے تحت ایک آئینی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمعرات کے روز پنجاب حکومت کی اس تجویز سے اتفاق کر لیا ہے جس کے تحت صوبے میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہونے والے اس اہم اجلاس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی، جبکہ اجلاس میں پنجاب کی چار رکنی کابینہ کمیٹی، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آئینی تقاضوں اور انتخابی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے مقامی حکومتوں کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 140-اے اور الیکشن ایکٹ کی دفعہ 219 (4) کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کمیشن کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔ کمیشن کو بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہو چکا ہے، اور قانون کے مطابق انتخابی تاریخ کے اعلان سے قبل صوبائی حکومت سے مشاورت لازمی قرار دی گئی ہے۔ پنجاب کابینہ کمیٹی کے اراکین نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں اور کمیٹی کو مکمل اختیارات دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ انتخابات کے لیے اساتذہ کی خدمات بڑے پیمانے پر درکار ہوں گی، اس لیے دسمبر اور جنوری کا وقت موزوں ہے کیونکہ اس دوران بچوں کے امتحانات مکمل ہو چکے ہوں گے اور صوبے میں دُھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بریفنگ دی کہ حکومت انتخابات مرحلہ وار کرانا چاہتی ہے تاکہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کو بہتر بنایا جا سکے، جس پر الیکشن کمیشن نے اصولاً اتفاق کیا۔ واضح رہے کہ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، جن کی مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوئی تھی، اور اس کے بعد سے مختلف قانونی تبدیلیوں اور انتظامی تاخیر کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات تعطل کا شکار رہے ہیں۔ اب اس تازہ پیش رفت کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ صوبے میں طویل عرصے سے التوا کا شکار بلدیاتی نظام بحال ہونے کی طرف اہم قدم اٹھے گا، جبکہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت سے مرحلہ وار انتخابات کے حوالے سے باقاعدہ پلان بھی جلد طلب کر لیا ہے۔