LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم اور صدر کا دہشتگردی کے خلاف عالمی کارروائی کا مطالبہ

News Image
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردی کی غیر مشروط مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف عالمی سطح پر مشترکہ اقدامات اٹھانے پر زور دیا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشتگردی انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے اور عالمی امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشتگردی کی غیر مشروط مذمت پر زور دیتے ہوئے اس لعنت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مربوط اور مشترکہ کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دہشتگردی کے متاثرین کی یاد اور خراجِ تحسین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغامات میں پاکستانی قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف اپنی غیر متزلزل جنگ جاری رکھے گا اور اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں دہشتگردی کے متاثرین کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم نے اس جنگ میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کو دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین فیصلے کرنا ہوں گے کیونکہ یہ محض کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مسئلہ ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی عالمی برادری پر زور دیا کہ دہشتگردی کے عالمی نیٹ ورکس کے خلاف موثر حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن کی خاطر سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان اٹھایا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا اس خطرے سے نمٹنے کے لیے دوہرے معیار ترک کر کے ایک پیج پر آئے۔ دریں اثناء قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھی اپنے بیان میں دہشتگردی کو انسانیت کے خلاف ایک سنگین جرم قرار دیا اور کہا کہ عالمی امن کو درپیش اس خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پارلیمنٹ اور ریاست دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاتی رہے گی۔