LIVE
Loading Breaking News...

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان

News Image
حکومت نے جمعرات کو پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد نئی قیمتیں جمعہ سے نافذ العمل ہوں گی۔ اس فیصلے سے پیٹرول 337.78 روپے اور ڈیزل 364.70 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
حکومت نے جمعرات کے روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1.64 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی قیمتوں کے نفاذ کے بعد اب پیٹرول 337.78 روپے فی لیٹر جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 364.70 روپے فی لیٹر کے حساب سے فروخت ہوگا۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نئی قیمتیں جمعہ سے باضابطہ طور پر لاگو کر دی گئی ہیں۔ حکام کے مطابق اس وقت حکومت پٹرول پر 114 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ عالمی منڈی میں جاری کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کے حالات کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اعلان کیا تھا کہ بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر اتار چڑھاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے اب ایندھن کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر طے کی جائیں گی۔ حکومت نے اوگرا کو یہ ذمہ داری سونپ دی ہے کہ وہ بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لے کر قیمتوں کا تعین کرے۔ پٹرول بنیادی طور پر نجی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں میں استعمال ہوتا ہے، اس لیے اس کی قیمتوں میں ردوبدل سے براہ راست متوسط اور نفل طبقہ متاثر ہوتا ہے۔ دوسری جانب، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر بھی بڑے پیمانے پر عوام پر پڑتا ہے کیونکہ ڈیزل کا استعمال ٹرانسپورٹ کے شعبے، مال بردار گاڑیوں اور پاور پلانٹس میں بڑے پیمانے پر کیا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل ملکی معیشت میں سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شعبے ہیں جن کی ماہانہ فروخت لاکھوں ٹن تک پہنچتی ہے۔ حکومت کی جانب سے اس بحران کے دوران ایندھن کے بچاؤ اور سپلائی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات جاری ہیں۔