Pakistan
عید میلاد النبی 26 اگست: پاکستان میں عام تعطیل کا اعلان
حکومت پاکستان نے 12 ربیع الاویل عید میلاد النبی کے بابرکت موقع پر 26 اگست کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت نے جمعہ کے روز ملک بھر میں 12 ربیع الاویل، عید میلاد النبی کے بابرکت اور مقدس موقع پر 26 اگست کو عام تعطیل کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق 26 اگست کو ملک بھر میں تمام سرکاری اور نیم سرکاری ادارے، تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔عید میلاد النبی کے اس بابرکت دن کو مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن ملک بھر میں خصوصی تقریبات، جلوس اور محافل نعت کا اہتمام کیا جاتا ہے جن میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ طیبہ اور ان کی تعلیمات پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔ مساجد، عمارتوں اور بازاروں کو رنگ برنگی روشنیوں اور چراغاں سے سجایا جاتا ہے جبکہ عاشقانِ رسول کی جانب سے نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔حکومت کی جانب سے اعلان کردہ اس عام تعطیل کا مقصد شہریوں کو اس مبارک دن مذہبی تقریبات میں بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ سکیورٹی اور دیگر انتظامی اداروں کو بھی اس موقع پر فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ملک بھر میں نکلنے والے جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔