LIVE
Loading Breaking News...

کے پی میں بارشوں سے جانی نقصان، طوفانی بارش کے بعد ایمرج نافذ

News Image
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں نظامِ زندگی معطل ہو گیا اور مختلف حادثات میں املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں اچانک شروع ہونے والی تیز بارش اور ژالہ باری نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران ہونے والے حادثات میں کم از کم دو افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ خراب موسم کی وجہ سے نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی سلسلے کے داخل ہونے کے بعد صوبے کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بادل کھل کر برسے جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تاہم، موسم کی اس اچانک تبدیلی نے کسانوں اور عام شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ کئی مقامات پر مکانات کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جن میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں انجام دی جا سکیں۔ ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ٹیمیں تمام متاثرہ مقامات پر روانہ کر دی گئی ہیں اور ملبے تبے دبے افراد کو نکالنے کے ساتھ ساتھ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ دوسری جانب، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بھی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالخصوص خستہ حال عمارتوں یا بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے احتیاط برتیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے، جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔