LIVE
Loading Breaking News...

قومی اسمبلی: ایاز صادق کا حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی پیشکش

News Image
قومی اسمبلی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی طبی صورتحال پر بحث کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے سیاسی استحکام کے لیے حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بانی کی صحت تسلی بخش ہے اور اس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور طبی معائنے کا معاملہ چھایا رہا، جس میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان سخت گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حکومت اور اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ ملک میں سیاسی استحکام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے آگے بڑھیں اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری جیسے اہم قومی معاملے پر مل بیٹھیں تاکہ ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکے۔ اسپیکر نے یاد دلایا کہ آئین کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے لیے حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی رضامندی لازمی ہوتی ہے، لہٰذا مذاکرات کا آغاز اس سنگ میل سے کیا جانا چاہیے۔ اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت مکمل طور پر خطرے سے باہر اور تسلی بخش ہے، اس لیے سیاسی مفادات کے لیے ان کی صحت کے معاملے کو اچھالا نہیں جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں لیکن کسی نے بھی صحت کو ذاتی یا سیاسی فائدے کے لیے استعمال نہیں کیا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا معائنہ سرکاری اسپتال پمز میں ماہر ڈاکٹروں نے کیا ہے اور ان کے معالج کو بھی اس بارے میں تمام تفصیلات فراہم کی گئی ہیں لہٰذا غیر ضروری تشویش کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان اور اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے حکومتی رویے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو پمز اسپتال میں داخل نہ کرنا اور واپس اڈیالہ جیل منتقل کرنا پارٹی ورکرز کے لیے انتہائی مایوس کن تھا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی جماعت آئینی اور جمہوری دائرہ کار میں رہتے ہوئے تمام قانونی راستے اختیار کرے گی اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔