Pakistan
جنرل عاصم منیر کا بیان: بلوچستان میں بیرونی پراکسیز کا استعمال
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن کو خراب کرنے کے لیے دشمن قوتیں غیر ملکی پراکسیز کا سہارا لے رہی ہیں۔ ریاست صوبے کی ترقی اور بقا کے لیے بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
راولپنڈی: چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان کے حالات کو خراب کرنے اور صوبے میں بدامنی پھیلانے کے لیے غیر ملکی حمایت یافتہ پراکسیز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ دشمن عناصر پاکستان بالخصوص بلوچستان کی ترقی کو روکنے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ عسکری قیادت کا ماننا ہے کہ ملک دشمن عناصر اندرونی و بیرونی محاذوں پر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔
دوسری جانب صدر مملکت اور دیگر اعلیٰ ترین حکومتی شخصیات نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ مرکز اور صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی تعاون اور رابطہ کاری ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ ریاست بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ عوام کا معیار زندگی بلند ہو اور شرپسند عناصر کے عزائم خاک میں ملائے جا سکیں۔
حکومت اور عسکری قیادت کا مشترکہ مؤقف ہے کہ بلوچستان کے غیور عوام دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بیرونی پشت پناہی حاصل کرنے والے یہ عناصر کبھی اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کی جغرافیائی سرحدوں اور اندرونی سلامتی کا دفاع کرنے کے لیے ہم وقت تیار ہیں اور کسی بھی خطرے سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔