LIVE
Loading Breaking News...

جڑواں شہروں اور خیبر پختونخوا میں بارش اور اربن فلڈنگ کا خدشہ

News Image
پاکستان کے جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں جاری بارشوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں مزید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کے خطرات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ انتظامیہ نے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق متواتر بارش کے باعث روزمرہ کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے اور ٹریفک کی روانگی بھی سست پڑ گئی ہے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اب تک دو افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے صوبے کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں اور ندی نالوں میں طغیانی کا انتباہ جاری کیا ہے۔ ریسکیو حکام اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگوار واقعے کی صورت میں فوری امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔ پنجاب کے دریاؤں اور نالوں میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں جس پر متعلقہ ادارے کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ادھر مری اور گردونواح میں بھی موسم کی صورتحال خراب ہونے پر ریسکیو 1122 نے سیاہوں اور مقامی شہریوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسم کی خرابی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں مون سون کا یہ سلسلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔