Pakistan
بلوچستان اور کے پی میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 50 دہشت گرد ہلاک
پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے آٹھ اضلاع میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران کم و بیش 50 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ کارروائیاں ملک بھر میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی جاری مہم کا حصہ ہیں۔
راولپنڈی: پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ملک کے دو صوبوں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے تقریبا 50 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں دونوں صوبوں کے آٹھ مختلف اضلاع میں کی گئیں، جن میں پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا اور ہائی ٹیمپو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو یقینی بنایا۔
آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ یہ کارروائیاں ملک بھر میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی جامع اور مہم کا تسلسل ہیں، جن کا مقصد ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بروقت اطلاعات پر کیے گئے ان آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر دیا گیا اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت تیار ہیں۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے طول و عرض میں اس طرح کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ ملک میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔