World
ترکیہ نے بنیامین نتن یاھو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا
ترکیہ کی جانب سے غزہ میں مبینہ نسل کشی اور فلوٹیلا پر حملے کے معاملے پر اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کشیدگی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
انقرہ: ترکیہ کے حکام نے اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاھو کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام غزہ کے محاصرے، انسانی امداد لے جانے والے فلوٹیلا پر حملوں اور فلسطینیوں کے خلاف مبینہ جنگی جرائم اور نسل کشی کے الزامات کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ ترکیہ کی عدلیہ اور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس کارروائی کے بعد بین الاقوامی سطح پر بھی اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ انٹی پول سے بھی رجوع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ بنیامین نتن یاھو کے خلاف ریڈ نوٹس جاری کروائے جا سکیں۔ اس پیش رفت کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ایک سفت انگیز اور سخت بیان میں تنقید کا ہدف بنایا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ میں شدت آ گئی۔
واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے ہی ترکیہ نے اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپنا رکھا ہے۔ انقرہ حکومت نے نہ صرف اسرائیلی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے بلکہ عالمی عدالتوں میں بھی اس کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ تازہ ترین گرفتاری کا وارنٹ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی سمجھا جا رہا ہے جس سے خطے میں پہلے سے موجود سیاسی کشیدگی کے مزید بڑھنے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔