Pakistan
وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو بحالی کے کام تیز کرنے اور تمام متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے کا حکم بھی دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہفتے کے روز متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو فوری طور پر مالی معاونت فراہم کریں۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق، یہ ہدایات وزیرِ اعظم کی زیر صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے دوران دی گئیں جس میں ملک بھر میں بارشوں کے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ساتھ جن لوگوں کے گھروں کو جزوی یا مکمل نقصان پہنچا ہے، انہیں فوری طور پر مالی امداد دی جائے۔ انہوں نے بجلی کی بحالی اور سڑکوں کی مرمت کا کام بھی ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ وزیرِ اعظم نے وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں، نقصانات کا تخمینہ لگائیں اور بحالی کے کاموں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حکم دیا کہ اب تک رسائی سے محروم رہنے والے تمام علاقوں میں خوراک اور دیگر ضروری امدادی اشیاء جلد از جلد پہنچائی جائیں۔ انہوں نے نیشنل ڈاساسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم آر) اور صوبائی اداروں کو مزید بارشوں کے پیشِ نظر مکمل طور پر تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں بھیجا جا چکا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، 26 جون سے 21 اگست کے دوران مون سون بارشوں کے باعث ملک بھر میں 164 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی حصوں میں بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیشِ نظر انتظامیہ کو مزید الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔