LIVE
Loading Breaking News...

امریکہ کینیڈا تجارتی تنازع، پچاس فیصد ٹیرف نافذ اور مذاکرات معطل

News Image
امریکہ اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد واشنگٹن نے کینیڈین درآمدات پر پچاس فیصد تک کے نئے ٹیرف نافذ کر دیے ہیں۔ اس کشیدگی کے بعد کینیڈا نے بھی تجارتی مذاکرات معطل کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
امریکہ نے کینیڈا کے ساتھ طویل عرصے سے جاری تجارتی مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہفتے کے روز کینیڈا کی بعض مخصوص اشیا پر پچاس فیصد ٹیرف نافذ کر دیے۔ دونوں روایتی اتحادیوں کے درمیان کئی روز تک جاری رہنے والی بات چیت کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہی، جس کے بعد دونوں اطراف سے ایک دوسرے پر مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ نئے ٹیرف نصف شب کے فورا بعد بیس ارب ڈالر مالیت کی کینیڈین اشیا پر نافذ کیے گئے، جن میں لکڑی کی ہاکی سٹکس اور دیگر اشیا شامل ہیں۔ اگرچہ یہ حجم کینیڈا کی امریکہ کو کل برآمدات کا پانچ فیصد سے بھی کم ہے، لیکن اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور تجارتی کشیدگی میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے اس صورتحال پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ کے ساتھ جاری تمام تجارتی مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کینیڈا اس فیصلے کا ڈالر کے مقابلے میں ڈالر سے جواب دے گا۔ مارک کارنی کا کہنا تھا کہ کینیڈین مذاکرات کاروں نے آخری لمحے تک دی ایمانداری کے ساتھ کینیڈا کے مفادات کا دفاع کیا، تاہم امریکہ کی طرف سے آخری وقت میں پیش کی جانے والی شرائط غیر منصفانہ اور غیر معاشی تھیں۔ اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں بریفنگ کے دوران امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے الزام لگایا کہ کینیڈا نے رواں ہفتے طے پانے والے سمجھوتے کو حتمی شکل دینے سے انکار کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کینیڈا کے لیے ایک سنہری موقع تھا جسے ضائع کر دیا گیا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہلکار کے مطابق امریکی پیشکش سے کینیڈا کو امریکہ کے سب سے بڑے برآمد کنندگان میں بہترین پوزیشن مل سکتی تھی، لیکن کینیڈا نے اسٹیل، ایلومینیم، گاڑیوں اور نرم لکڑی پر مزید مراعات کا مطالبہ کیا۔ اس تازہ ترین کشیدگی کے بعد تجارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سے امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کی تجدید کے لیے ہونے والی وسیع تر بات چیت مزید مشکل ہو جائے گی اور کمزور سیکٹرز کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔