World
شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کی برطانیہ واپسی کی اطلاعات
برطانوی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کی شادی میں شدید تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔ اس صورتحال کے تناظر میں دونوں کے دوبارہ برطانیہ منتقل ہونے کی خبریں گرم ہیں۔
برطانوی شاہی خاندان کے سابق سینئر ارکان شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگن مارکل کی ازدواجی زندگی کے حوالے سے ایک بار پھر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔ مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ان کا امریکی خواب مشکلات کا شکار ہو چکا ہے اور دونوں کی شادی میں شدید تناؤ پیدا ہو گیا ہے۔ مبینہ طور پر حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ اب وہ اپنے بچوں سمیت دوبارہ برطانیہ منتقل ہونے پر غور کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ چند سال قبل شہزادہ ہیری اور میگن مارکل شاہی ذمہ داریاں چھوڑ کر امریکہ منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے آزادانہ زندگی گزارنے اور اپنے منصوبوں پر کام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم حالیہ رپورٹس کے مطابق امریکہ میں ان کے کیریئر اور کاروباری منصوبوں کو وہ پذیرائی نہیں ملی جس کی انہیں توقع تھی، اور اب ان کے درمیان فاصلے بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں جو ان کے تعلقات میں کشیدگی کا باعث بن رہی ہیں۔
دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر شہزادہ ہیری اور میگن مارکل کی برطانیہ واپسی کا فیصلہ درست ثابت ہوتا ہے تو یہ برطانوی شاہی خاندان کے لیے ایک اور بڑا موڑ ہوگا۔ شاہی امور پر نظر رکھنے والے حلقوں کا ماننا ہے کہ اس ممکنہ واپسی سے نہ صرف ان کے ذاتی تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے بلکہ شاہی خاندان کے ساتھ ان کے تعلقات کی نوعیت بھی بدل سکتی ہے۔ تاحال جوڑے کی طرف سے ان خبروں پر کوئی حتمی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے لیکن قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔