LIVE
Loading Breaking News...

خنجراب پاس کسٹمز ریونیو ریکارڈ: 15 ارب روپے کی آمدنی اور برآمدات میں اضافہ

News Image
مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کسٹمز نے خنجراب پاس کے ذریعے چین سے ہونے والی واردات پر 15 ارب روپے کا ریکارڈ ریونیو اکٹھا کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس سرحد کے ذریعے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کو 2 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی اشیاء برآمد کی گئیں۔
گلگت بلتستان میں واقع پاک چین سرحدی مقام خنجراب پاس نے مالی سال 2025-26 کے دوران کسٹمز ریونیو کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پاکستان کسٹمز کے مطابق سوست ڈرائی پورٹ کے ذریعے چین سے ہونے والی درآمدات پر 14 ارب 93 کروڑ (تقریباً 15 ارب) روپے کا ریونیو جمع کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کے 13 ارب 67 کروڑ روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ کسٹمز کلیکٹر گلگت بلتستان واجد علی نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیاں عروج پر ہیں اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اٹھائے گئے سخت اقدامات کے باعث ریونیو کی وصولی میں یہ تاریخی بہتری ممکن ہوئی ہے۔ درآمدات کے ساتھ ساتھ خنجراب پاس سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹی آئی آر (TIR) سسٹم کے تحت چین اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو 2 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔ برآمد کی جانے والی اشیاء میں سرجیکل سامان، چمڑے کی جیکٹس، جراحی کے آلات، سوت، چاول، قالین، آلو، مالٹے، دستکاری، سجاٹی سامان، چیری اور قیمتی پتھر شامل ہیں۔ مقامی تاجروں اور کسٹمز ایجنٹوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس سے مقامی معیشت کو استحکام مل رہا ہے۔ تاہم خنجراب پاس کے ذریعے تجارت کرنے والے مقامی تاجروں نے کچھ مشکلات کی نشاندہی بھی کی ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ چینی امیگریشن حکام کی جانب سے عائد کی جانے والی غیر ضروری پابندیوں اور سخت طریقہ کار کے باعث برآمد کنندگان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے اعلٰی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو چینی حکام کے ساتھ اٹھائیں اور سرحد پر پاکستانی مال بردار گاڑیوں اور تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ تجارتی حجم میں مزید اضافہ ممکن ہو سکے۔ دوسری جانب پاکستان کسٹمز نے سوست پورٹ پر اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن بھی تیز کر دیا ہے۔ ڈپٹی کلیکٹر محب خان کے مطابق پہلی بار امپورٹ پالیسی 2022 پر مکمل روح کے ساتھ عمل درآمد کرایا جا رہا ہے اور ممنوعہ اشیاء کی ضبطگی کی گئی ہے۔ حال ہی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران خنجراب پاس سے اسمارٹ فونز، شراب اور دیگر ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ کی دو بڑی کوششیں ناکام بنا کر 158 ملین روپے مالیت کا سامان اور گاڑی ضبط کی گئی، جبکہ کسٹمز حکام نے 72.9 ملین روپے کی ضبط شدہ اشیاء کی نیلامی بھی کی ہے۔