LIVE
Loading Breaking News...

یونیورسٹی روڈ کراچی ستمبر تک ٹریفک کے لیے بحال، شرجیل میمن کا اعلان

News Image
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انام میمن نے بی آر ٹی ریڈ لائن پروجیکٹ کے دورے کے دوران اعلان کیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ کو 15 ستمبر تک سو فیصد موٹر ایبل بنا دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جلد الیکٹرک بسیں بھی سڑکوں پر آجائیں گی۔
کراچی: سندھ کے سینئر اور اطلاعات و ٹرانسپورٹ کے وزیر شرجیل انام میمن نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے تاکہ کراچی کی اہم شاہراہ یونیورسٹی روڈ کو آئندہ ماہ کی 15 تاریخ تک سو فیصد موٹر ایبل یعنی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر قابلِ استعمال بنایا جا سکےـ ہفتے کے روز بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کے زیرِ تعمیر مقام کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس پروجیکٹ پر تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور کئی مقامات پر سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام بھی مکمل کیا جا چکا ہےـ دورے کے دوران وزیرِ ٹرانسپورٹ کو منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی کاموں اور مختلف حصوں میں جاری سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئیـ شرجیل میمن نے واضح کیا کہ ریڈ لائن کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ پلوں کی تعمیر کا کام بھی انتہائی تیزی سے جاری ہےـ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت بی آر ٹی منصوبوں کے ذریعے کراچی کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس سلسلے میں 500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کے معاہدے طے پا چکے ہیں جن کے آرڈر بھی دیے جا چکے ہیں، اور یہ بسیں بہت جلد شہریوں کی خدمت میں حاضر ہوں گیـ شہر کے دیگر مسائل اور ترقیاتی امور پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا ایک اہم اقتصادی مرکز ہے اور سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہروں میں شمار ہوتا ہےـ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے اور اس کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگاـ سیاست اور صوبے کے مفادات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے نعرے بازی اور منفی پروپیگنڈے کی سیاست کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے ذمہ دارانہ اور مثبت سیاست کی اشد ضرورت ہے تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ اور مثبت پیغامجا سکےـ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا موقف اس معاملے پر بالکل واضح ہے اور آئین میں نئے صوبے بنانے کا ایک واضح طریقہ کار موجود ہےـ انہوں نے یاد دلایا کہ سندھ اسمبلی میں صوبے کی تشکیل کے خلاف قراردادیں پیش کی گئیں اور منظور ہوئیں، اور اس حوالے سے عوام کی حقیقی رائے منتخب نمائندوں کے ذریعے ہی سامنے آ سکتی ہےـ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے بانی کی طبی سہولیات سے متعلق انہوں نے زور دیا کہ سیاست سے بالاتر ہو کر ہر بیمار شخص کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر علاج کی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں اور عدالتی احکامات کی مکمل پاسداری ہونی چاہیےـ