Politics
جماعت اسلامی کی ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پیٹرولیم لیوی پر احتجاج
جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی میں اضافے کے خلاف بارہویں ربیع الاوال کے بعد ملک بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔
لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی کے خلاف بارہویں ربیع الاوال کے فوراً بعد ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام پہلے ہی شدید معاشی مشکلات کا شکار ہیں اور مزید ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔
حافط نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا یہ احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت عوام دشمن پالیسیوں کو ترک نہیں کرتی اور پیٹرول پر عائد ظالمانہ ٹیکسوں کو ختم نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے تاجر برادری اور تمام طبقہ ہائے فکر سے اپیل کی کہ وہ اس ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔
حکومت کو اس وقت ملک بھر میں مہنگائی اور ٹیکسوں کے نفاذ کی وجہ سے شدید عوامی دباؤ کا سامنا ہے۔ سیاسی حلقوں کا ماننا ہے کہ جماعت اسلامی کی طرف سے اس بڑے پیمانے پر احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کے اعلان سے حکومت کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ جماعت اسلامی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری اور آئینی راستہ اختیار کرے گی اور کسی بھی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی۔