LIVE
Loading Breaking News...

اسحاق ڈار کا دورہ برطانیہ: اہم ملاقاتوں کا شیڈول طے

News Image
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اپنے چار روزہ سرکاری دورے پر اتوار کے روز لندن پہنچ گئے۔ اس دورے کے دوران وہ برطانوی وزراء اور اعلیٰ حکام سے دوطرفہ تعلقات اور تجارت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اتوار کے روز اپنے چار روزہ سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ہیں، جس کا باضابطہ آغازپیر سے ہوگا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچنے پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر اور دیگر سفارتی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا اور تجارت، معیشت اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانا ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم برطانوی سیکرٹری خارجہ اور ایف سی ڈی او کے وزیر مملکت برائے پاکستان سمیت برطانوی حکومت کے کئی دیگر اہم ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات کریں گے جس میں صومالی قزاقوں کے قبضے میں موجود آئل ٹینکر ایم ٹی آنر پچیس کے پاکستانی عملے کی بازیابی کا معاملہ خصوصیت کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ اس موقع پر دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل سے بھی ملاقات طے ہے جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ برطانوی پارلیمنٹس کے اراکین اور برطانیہ میں مقبیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی نائب وزیراعظم کی ملاقاتیں متوقع ہیں تاکہ تارکین وطن کے مسائل اور ان کے کردار پر بات چیت کی جا سکے۔ واضح رہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے حالیہ فیصلوں کی کڑی ہے۔ رواں سال کے شروع میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارتی مذاکرات کو مزید مربوط معاشی اور تجارتی فریم ورک میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تھا جبکہ جون میں انسداد دہشت گردی اور غیر قانونی تارکین وطن کی روک تھام کے لیے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا تھا۔