World
اسرائیل کی غزہ میں پتنگ بازی پر حماس کو سنگین دھمکی
اسرائیلی حکام نے غزہ کی سرحد سے اڑائے جانے والے آتش گیر غباروں اور پتنگوں پر حماس کو سنگین نتائج کی تنبیہ کی ہے۔ اس کشیدگی کے بعد خطے میں نئے انخلا کے احکامات اور عسکری کارروائیاں تیز کیے جانے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
اسرائیلی دفاعی حکام نے غزہ کی سرحد سے اڑائے جانے والے آتش گیر غباروں اور پتنگوں کے معاملے پر حماس کو سخت وارننگ جاری کی ہے۔ اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق، تل ابیب نے دھمکی دی ہے کہ اگر سرحد پار سے اس قسم کی سرگرمیاں بند نہ کی گئیں تو غزہ میں فضائی حملوں کو مزید تیز کیا جائے گا اور نئے انخلا کے احکامات بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔ سرحدی علاقوں کے مکینوں نے بھی اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج جو چیزیں پتنگوں کی شکل میں دکھائی دے رہی ہیں، وہ مستقبل میں دھماکہ خیز ڈرونز میں بھی تبدیل ہو سکتی ہیں جس سے سکیورٹی کے شدید خطرات لاحق ہیں۔ دوسری جانب، فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیلی دھمکیوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونی دشمن اس قسم کے بہانے تراش کر بے گناہ پناہ گزین کیمپوں میں موجود بچوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ حماس کا موقف ہے کہ یہ الزامات خطے میں جارحیت کو جواز فراہم کرنے کی ایک سوچی سمجی سازش ہیں۔ اس تازہ کشیدگی کے بعد خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلانے لگے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر صورتحال کو پرامن رکھنے کے لیے سفارتی کوششوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی بڑے انسانی بحران سے بچا جا سکے۔