LIVE
Loading Breaking News...

خواجہ آصف کی بھارت سے موازنے کی وائرل ویڈیو جعلی قرار

News Image
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو کی سختی سے تردید کی ہے جس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف کو مبینہ طور پر پاکستان اور بھارت کی ترقی کا موازنہ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی اور پروپیگنڈا پر مبنی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
وزارتِ اطلاعات و نشریات نے پیر کے روز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کی ترقی کا موازنہ بھارت کے ساتھ کیا ہے۔ وزارت کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ یہ ویڈیو جعلی ہے اور اس میں کی جانے والی باتیں سراسر جھوٹ اور بے بنیاد پروپیگنڈے پر مبنی ہیں۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو لے کر چہ مگوئیاں جاری تھیں جن پر اب حکومت نے باضابطہ طور پر خاموشی توڑ دی ہے۔ ترجمان وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ اس قسم کی من گھڑت ویڈیوز کا مقصد عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا کرنا اور سیاسی مفاد کے لیے غلط فہمیاں پھیلانا ہے۔ وزیرِ دفاع خواجہ آصف سے منسوب اس مواد میں جو باتیں دکھائی اور سنائی جا رہی ہیں، ان کا حقیقت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے بعض عناصر جان بوجھ کر جعلی خبریں اور مواد پھیلانے میں مصروف ہیں تاکہ معاشرے میں بے چینی پیدا کی جا سکے اور قومی اداروں اور شخصیات کو متنازع بنایا جا سکے۔ حکومت کی طرف سے شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین سے بھی یہ اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر تصدیق شدہ ویڈیو یا خبر کو بغیر سوچے سمچھے آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔ وزارتِ اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانے والے عناصر کے خلاف سائبر کرائم قوانین کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ میڈیا اور عوام کو اس بات کی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی اہم معاملے پر صرف مصدقہ سرکاری ذرائع اور مستند خبر رساں اداروں پر انحصار کریں۔