LIVE
Loading Breaking News...

فیلڈ مارشل عasیم منیر کا دورہ تہران، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر سے ملاقات

News Image
آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقات کی ہے جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تہران: چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران کے اپنے دورے کے دوران پیر کے روز ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہے۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق اس ملاقات کا مقصد خطے میں جاری کشیدہ صورتحال کے تناظر میں امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اس اعلیٰ سطح کے دورے پر تہران میں موجود ہیں جہاں وہ ایرانی وزارت داخلہ اور دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے اس دورے کو پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے لیے کوششوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔ ملاقات کے دوران ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اسلام آباد میمورینڈم آف انڈرینڈنگ کے نفاذ کے لیے تہران کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے امریکی رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگتن کی جانب سے اپنے وعدوں پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے خطے کا استحکام متاثر ہوا ہے اور اس سے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچی ہے۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کی بحالی اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور اس ضمن میں تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اس دورے کو اسلام آباد اور تہران کے مابین تعلقات کی بہترین حالت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی وفد کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کا مقصد مشرق وسطیٰ کے تنازع کا پرامن، مستقل اور جامع حل تلاش کرنا ہے۔ یاد رہے کہ خطے میں حالیہ کشیدگی اور آبنائے ہرمز کے امور پر بین الاقوامی سطح پر شدید سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں پاکستان ایک اہم ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔