Pakistan
عید میلاد النبی: صدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی کے بابکت موقع پر قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے پیغامات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے حضرت محمد ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز عید میلاد النبی (ﷺ) کے بابکت اور پرمسرت موقع پر پوری قوم اور امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ سرکاری ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ حضرت محمد (ﷺ) کی حیات طیبہ اور تعلیمات سے بھرپور رہنمائی حاصل کرے اور محنت اور انسانیت کی خدمت کو اپنے زندگی کا مقصد بنائے۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے معاشرے میں عملی طور پر انصاف، رواداری، فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی وقار کے تحفظ کو فروغ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن ہمیں اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جس کے ذریعے پوری انسانیت کو ایمان، ہدایت، عدل، رحمت اور اعلی اخلاق کا بہترین راستہ عطا کیا گیا۔ دوسری جانب، وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کو درپیش معاشی، سماجی اور اخلاقی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں اپنی اجتماعی زندگی کو اسلام کی فراہم کردہ کامل رہنمائی کے مطابق ڈھالنا ہوگا۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور فلاحی ریاست بنانے میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک الگ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ حضرت محمد (ﷺ) کی زندگی اور تعلیمات پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا ابدی سرچشمہ ہیں جو ہمیں شفقت، انصاف، رواداری، اتحاد اور دوسروں کی خدمت کی دعوت دیتی ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ آئیں ہم عہد کریں کہ سیرت النبی (ﷺ) کی روشنی میں اپنے کردار اور اجتماعی رویوں کو منور کریں گے اور ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کے لیے مل کر کام کریں گے۔ واضح رہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اسلامی قمری مہینے ربیع الاول کی 12 تاریخ کو انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ پیارے نبی حضرت محمد (ﷺ) کا یوم پیدائش مناتے ہیں۔