World
عید میلاد النبی ﷺ کا بابرکت دن مذہبی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
آج دنیا بھر میں عید میلاد النبی ﷺ انتہائی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس مبارک موقع پر خصوصی تقریبات، جلوسوں اور محفل نعت کا اہتمام کیا گیا ہے۔
آج دنیا بھر میں نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت یعنی عید میلاد النبی ﷺ انتہائی مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس بابرکت دن کے آغاز پر مساجد میں خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں امت مسلمہ کے اتحاد، امن، سلامتی اور فلاح و بہبود کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔ دن کا آغاز فجر کے وقت توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کے بعد ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس مقدس موقع کی مناسبت سے مختلف شہروں میں ریلیاں، جلوس اور سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان اجتماعات میں علمائے کرام اور مشائخ عظام حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ، اخلاقِ حسنہ اور تعلیمات پر روشنی ڈال رہے ہیں۔ اسپیکرز کا کہنا ہے کہ آپ ﷺ کی زندگی پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور کامیابی کا واحد راستہ آپ کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔
گلیوں، بازاروں، مساجد اور اہم سرکاری و نجی عمارتوں کو خوبصورت برقی قمقموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اور بینرز سے سجھایا گیا ہے جن پر درود و سلام کے پیغامات درج ہیں۔ اس کے علاوہ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں نعت خوانی کی محافل کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے جہاں عاشقانِ رسول انتہائی عقیدت کے ساتھ بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے تاکہ شہری اس بابرکت دن کو پرامن طریقے سے اور بھرپور عقیدت کے ساتھ منا سکیں۔