Pakistan
صدر اور وزیراعظم کا عید میلاد النبی پر پیغام، سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی کی اپیل
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات سے رہنمائی لیں۔ انہوں نے ملک میں امن، بھائی چارے اور فلاحی معاشرے کے قیام کے لیے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ کے بابکت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس بات پر زور دیا ہے کہ نوجوان نسل کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ سے بھرپور رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آپ ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے اور آپ کی تعلیمات میں امن، رواداری، عدل و انصاف اور اخلاقیات کے بلند ترین اصول موجود ہیں۔
ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کا دن انتہائی مذہبی عقیدت و احترام، جوش و جذبے اور روایتی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس مقدس دن کے آغاز پر ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا گیا، جبکہ مساجد اور سرکاری و نجی عمارتوں پر خوبصورت چراغاں کیا گیا ہے۔ جلوس نکالے جا رہے ہیں اور میلاد کی محافل منعقد کی جا رہی ہیں جن میں عاشقانِ رسول ﷺ نعت خوان اور علمائے کرام حضور ﷺ کی شانِ اقدس میں ہدیہ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور آپ ﷺ کے اسوہ حسنہ پر روشنی ڈال رہے ہیں۔
اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موجودہ ملکی و عالمی حالات میں ہمیں روایتی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اتحاد، یگانہ اور اخوت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم فلاحی معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں ریاستِ مدینہ کے اصولوں اور نبی کریم ﷺ کے فرامین کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، سلامتی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور ہمیں حقیقی معنوں میں سیرتِ النبی ﷺ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔