LIVE
Loading Breaking News...

سندھ میں پرائیویٹ اسکولوں کے لیے ہفتہ وار تعطیلات اور ورکنگ ڈیز کا نیا حکم

News Image
محکمہ تعلیم سندھ نے وضاحت کی ہے کہ نجی اسکول اپنے نظام اور سہولت کے مطابق ہفتہ وار ورکنگ ڈیز کا خود تعین کر سکتے ہیں۔ یہ فیصلہ یکم اگست سے نافذ العمل چھ روزہ ہفتے کے اس نوٹیفکیشن کے بعد سامنے آیا ہے جو بنیادی طور پر سرکاری اداروں کے لیے جاری کیا گیا تھا۔
محکمہ تعلیم و لٹریسی حکومت سندھ کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف انسپكشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز نے ایک نیا سرکلر جاری کیا ہے جس کے مطابق صوبے تمام نجی اسکولوں کو اپنی سہولت اور نظام کے تحت ہفتہ وار تعلیمی اور کام کے دنوں کا فیصلہ کرنے کی آزادی دی گئی ہے۔ اس نئے سرکلر میں 29 جولائی کو جاری کیے جانے والے اس نوٹیفکیشن کی وضاحت کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ یکم اگست سے صوبے کے تمام اسکولوں اور کالجوں میں ہفتے میں چھ دن یعنی پیر سے ہفتہ تک کلاسز منعقد کی جائیں گی۔ نیا سرکلر سامنے آنے کے بعد یہ واضح ہو گیا ہے کہ یہ چھ روزہ ہفتے کی پابندی نجی طور پر چلائے جانے والے اسکولوں پر لاگو نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں ایڈیشنل ڈائریکٹر رجسٹریشن رافعہ جاوید نے واضح کیا کہ سندھ بھر کے تمام نجی اسکول اپنے شیڈول اور آپریٹنگ سہولت کے مطابق اپنے ہفتہ وار کام کے دنوں کا انتظام کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔ یاد رہے کہ حکومت سندھ نے اس سے قبل مالی سال کے دوران ایندھن کی بچت اور دیگر اقدامات کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں ہفتے اور اتوار کو چھٹی کا اعلان کیا تھا، تاہم نصاب کی بروقت تکمیل اور تعلیمی حرج کو روکنے کے لیے اس پالیسی میں ترامیم کی گئیں۔ حکومت کا ماننا ہے کہ نصاب کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے، اس لیے سرکاری تعلیمی اداروں کے لیے تو چھ روزہ ہفتہ برقرار رکھا گیا ہے لیکن نجی اسکولوں کو انتظامی خود مختاری دیتے ہوئے اس فیصلے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے طور پر بہترین تعلیمی حکمت عملی ترتیب دے سکیں۔