Business
حصص بازار میں تیزی، سینسیکس 287 پوائنٹس اضافے کے ساتھ بند
بھارتی حصص بازار میں منگل کے روز اتار چڑھاؤ کے بعد مثبت رجحان دیکھا گیا اور سینسیکس 287 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اس کے علاوہ نفٹی انڈیکس بھی 24,300 کی اہم حد سے اوپر بند ہونے میں کامیاب رہا۔
بھارتی حصص بازار میں منگل کے روز کاروبار کے دوران شدید اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، تاہم اختتامی لمحات میں مارکیٹ مثبت زون میں بند ہونے میں کامیاب ہو گئی۔ ابتدائی سیشن کے دوران فروخت کے دباؤ اور گراوٹ کے بعد سرمایہ کاروں نے کم قیمت والے شیئرز میں خریداری میں دلچسپی دکھائی، جس سے مارکیٹ کو سنبھلنے کا موقع ملا۔ کاروبار کے اختتام پر بمبئی اسٹاک ایکسچینج کا سنسیکس 287 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ بند ہوا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی انڈیکس بھی 24,300 کی نفسیاتی اور اہم حد سے اوپر بند ہوا۔ بازار کے تجزیہ کاروں کے مطابق منگل کے روز سیشن کے آغاز میں عالمی اور علاقائی سیاسی کشیدگی کے باعث مندی کا رجحان تھا، لیکن دن بھر کے دوران صورتحال میں بہتری آئی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں نے بھی سرمایہ کاروں اور مارکیٹ کے جذبات کو سہارا دیا، جس سے افراط زر کے دباؤ میں کمی کی توقعات کو تقویت ملی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی اقتصادی صورتحال کے پیش نظر سرمایہ کار محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں، لیکن گراوٹ کے بعد اچھے شیئرز کی خریداری سے مارکیٹ کو فوری سہارا مل رہا ہے۔ آنے والے دنوں میں بھی مارکیٹ کی سمت کا دارمدار عالمی اشاریوں اور جغرافیائی سیاسی صورتحال پر ہوگا۔