World
نائجر دارالحکومت نیامي میں فائرنگ اور دھماکے، صورتحال کشیدہ
نائجر کے دارالحکومت نیامي میں ہوائی اڈے اور صدارتی محل کے قریب فائرنگ اور زور دار دھماکے سنے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
نائجر کے دارالحکومت نیامي سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق یہ آوازیں شہر میں واقع دیوری ہمانی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف اور صدارتی محل کے قریب سے آئیں، جس کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
فائرنگ کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں سیاسی اور سیکورٹی کے حوالے سے پہلے ہی حساس صورتحال چلی آ رہی ہے۔ واقعے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز اور دفاعی دستوں نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اہم تنصیبات کے گرد حفاظتی حصار مضبوط کر دیا ہے اور گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ حکام کی جانب سے تاحال جانی نقصان یا کسی بڑے تصادم کے بارے میں حتمی تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
دارالحکومت کے باسیوں نے بتایا کہ فائرنگ کی آوازیں کافی دیر تک سنائی دیتی رہیں جس کی وجہ سے شہریوں نے گھروں کے اندر ہی رہنے کو ترجیح دی۔ انتظامیہ نے شہر کے اہم راستوں پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات نافذ کر دیے ہیں تاکہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے یا ہنگامہ آرائی کو روکا جا سکے۔ سیکورٹی ادارے صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور حالات کو مکمل طور پر قابو میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔