World
نیتنیاہو کا بیٹا سکیورٹی خطرات کے تحت امریکہ سے ہنگامی طور پر اسرائیل منتقل
اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتنیاہو کے صاحبزادے یایر نیتنیاہو کو سکیورٹی خطرات کے باعث امریکہ سے ہنگامی طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے امریکہ میں مقیم تھے اور دائیں بازو کی سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
اسرائیل کے ذرائع ابلاغ اور سرکاری اطلاعات کے مطابق، ملک کے وزیراعظم بنجمن نیتنیاہو کے بیٹے یایر نیتنیاہو کو سکیورٹی خدشات اور سنگین خطرات کے پیش نظر امریکہ سے ہنگامی طور پر نکال لیا گیا ہے۔ یایر نیتنیاہو جو کہ دائیں بازو کے ایک سرگرم کارکن اور پوڈ کاسٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، گزشتہ کئی سالوں سے امریکہ میں مقیم تھے۔ ان کے اس اچانک اور ہنگامی اخراج نے بین الاقوامی میڈیا میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، حالیہ چند ہفتوں کے دوران خطے میں جاری کشیدگی اور اسرائیل مخالف عناصر کی جانب سے بڑھتی ہوئی دھمکیوں کے بعد نیتنیاہو خاندان کی سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا تھا۔ یایر نیتنیاہو طویل عرصے سے امریکہ میں رہ کر سوشل میڈیا اور مختلف پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنے والد کی حکومت کے حق میں بیانیہ تیا کرنے اور سیاسی مہم چلانے میں مصروف تھے، لیکن اب حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انہیں فوری طور پر وطن واپس بلا لیا گیا ہے۔
اسرائیلی سکیورٹی اداروں نے اس حوالے سے انتہائی نگاہ رکھی ہوئی ہے اور بیرون ملک مقیم اہم شخصیات کی سکیورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یایر نیتنیاہو کی امریکہ سے واپسی اس بات کا غماز ہے کہ اسرائیل کو اندرونی اور بیرونی سطح پر کس نوعیت کے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومتی حلقوں کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے تاہم غیر ملکی خبر رساں اداروں نے اس پیشرفت کو انتہائی اہمیت دی ہے۔