LIVE
Loading Breaking News...

نیپال میں ہیڈ ماسٹر کی بروقت کارروائی، سیلاب سے ۹۰۰ بچوں کی جان بچ گئی

News Image
نیپال میں ایک اسکول کے ہیڈ ماسٹر نے سیلاب کے خطرے کی پیشگی وارننگ سنتے ہی فوری اقدام اٹھایا اور نو سو بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ اس بروقت کارروائی سے ایک بڑا جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔
نیپال سے ایک انتہائی دل دہلا دینے والی لیکن خوش آئند خبر سامنے آئی ہے جہاں ایک فرض شناس ہیڈ ماسٹر نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور بروقت فیصلے سے نو سو بچوں کی زندگیاں بچا لیں۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر راجندر دواڈی نے اس وقت فوری ایکشن لیا جب انہیں دریائی پانی اور طغیانی کے اسکول کی طرف بڑھنے کے حوالے سے وارننگ موصول ہوئی۔ حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے انہوں نے کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا اور فوری طور پر اسکول عملے کو متحرک کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جیسے ہی وارننگ موصول ہوئی، ہیڈ ماسٹر راجندر دواڈی نے فوری طور پر اسکول میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور تمام بچوں کو منظم طریقے سے باہر نکالنا شروع کیا۔ سیلابی ریلے اسکول تک پہنچنے ہی والے تھے کہ اس سے صرف چند منٹ قبل تمام نو سو طلباءکو کامیابی کے ساتھ محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ ہیڈ ماسٹر کی اس جرأت مندانہ اور دانشمندانہ کارروائی نے ایک بہت بڑے سانحے کو جنم لینے سے روک دیا، ورنہ پانی کی تیز لہریں اسکول کے بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتیں تھیں۔ مقامی افراد اور والدین نے ہیڈ ماسٹر راجندر دواڈی کی اس پھرتی اور فرض شناسی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ اگر ہیڈ ماسٹر وقت پر یہ فیصلہ نہ کرتے تو صورتحال انتہائی خوفناک ہو سکتی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ حالیہ موسمی تبدیلیوں اور شدید بارشوں کے باعث اس خطے میں سیلاب کے خطرات بڑھ چکے ہیں، تاہم اس واقعے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ تربیت یافتہ اور ذمہ دار قیادت کسی بھی بڑے حادثے کو ٹالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔