LIVE
Loading Breaking News...

وزیر اعظم شہباز شریف کا تین روزہ دورہ کرغزستان اور ایس سی او سربراہ اجلاس

News Image
وزیر اعظم شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے آج تین روزہ دورے پر کرغزستان روانہ ہو رہے ہیں۔ اس دورے کے دوران وہ دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ عالمی نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کرغز جمہوریہ کے صدر صدر ژاپاروف کی دعوت پر آج سے شروع ہونے والے اپنے تین روزہ سرکاری دورے پر بشکیک روانہ ہوں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم 31 اگست سے 2 ستمبر تک کرغزستان میں قیام کریں گے جہاں وہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے اہم اجلاس اور ایس سی او پلس سمٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اس دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان، عطا اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔ بشکیک میں قیام کے دوران وزیر اعظم شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ دیگر ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران 31 اگست کو ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ دورے کے آخری روز 2 ستمبر کو وزیر اعظم کی کرغز صدر کے ساتھ باضابطہ دوطرفہ ملاقات طے ہے جس میں پاک کرغز تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی رابطوں اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں جو مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔ ایس سی او کے اس اجلاس میں تنظیم کی پچیسویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے جس میں مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت شرکت کر رہے ہیں۔ اس اہم دورے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی خیر سگالی کو عملی تعاون میں بدلنے اور تجارتی و اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔