LIVE
Loading Breaking News...

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی کرغزستان میں اہم ملاقات

News Image
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور خطے میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان کے دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مفاہمت کی یادداشتوں (MoUs) کو عملی جامہ پہنانے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں کا ماننا تھا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تہران اور اسلام آباد کے درمیان قریبی رابطہ اور اشتراکِ عمل انتہائی ضروری ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کرغزستان کے مناس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا جہاں کرغز جمہوریہ کے کابینہ کے چیئرمین آیدیل بیک کسمالیف نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم کا یہ دورہ ایس سی او کے پلیٹ فارم سے وسطی ایشیائی ممالک اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے پاک ایران تعلقات میں مزید گرمجوشی آئے گی۔