LIVE
Loading Breaking News...

راول ڈیم اسپل وے کھل گئے، جڑواں شہروں میں بارش اور سیلاب کا خدشہ

News Image
موسلاادھار بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کو احتیاطی تدابیر کے طور پر کھول دیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے نے ملک کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت جڑواں شہروں میں موسلاادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو کر 1,751 فٹ تک جا پہنچی ہے۔ پانی کے اس بہاؤ اور دباؤ کو قابو میں رکھنے کے لیے ڈیم انتظامیہ نے فوری طور پر اسپل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا۔ انتظامیہ کی جانب سے قریبی ندی نالوں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے پہلے ہی وارننگ جاری کر دی گئی تھی تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ شدید بارشوں کے باعث جڑواں شہروں کے کئی ننشین علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، جس سے ٹریفک کی آمدورفت اور روزمرہ زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔ انتظامیہ اور ریسکیو ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ دوسری جانب، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے شمالی علاقوں میں بھی مزید شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں تمام متعلقہ محکمے چوکس رہیں اور دریاؤں اور نالوں کے قریب آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ مزید پھیل سکتا ہے، اس لیے حکومت اور عوام دونوں کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔