LIVE
Loading Breaking News...

بلوچستان میں دہشت گردوں کی ہلاکت، صدر اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

News Image
صدر مملکت اور وزیراعظم نے بلوچستان میں کامیاب کارروائی کے دوران 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ رہنمائوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھڑنے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی مختلف کارروائیوں میں 21 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔ حکومتی اور عسکری ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں جن کے دوران ریاست کے امن کو خراب کرنے والے عناصر کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ واشک کے علاقے میں بھی سکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جو کسی بڑی تخریبی کارروائی کی تاک میں تھے۔ اس کے علاوہ صوبے کے دیگر حصوں میں ہونے والی جھڑپوں اور کارروائیوں میں مجموعی طور پر 21 دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا گیا۔ دوسری جانب زیارت کراس کے قریب پیش آنے والے ایک اور افسوسناک واقعے میں وطن کی مٹی کا دفاع کرتے ہوئے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے چھ اہلکار اور چار کسٹم اہلکار جام شہادت نوش کر گئے، جن کی قربانیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ملک کی اعلیٰ قیادت نے شہدا کے لواحقین سے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہمارے سیکورٹی اداروں اور غیور قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔ حکومتِ پاکستان اور عسکری ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک ہی صفحے پر ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔ صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کا جان و مال محفوظ بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔